اردن میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفارتخانے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔اردن کے سرکاری خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ عمان کے قریبی علاقے ربیحا میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو پولیس نے جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا جب کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ عینی شاہدین نے کہا ہے کہ فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتے ہی اردن کی پولیس کی بھاری نفری نے اسرائیل کے سفارتخانے کو حفاظتی حصار میں لے لیا تھا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شرپسند عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے لہذا عوام گھروں میں ہی موجود رہے۔