اپریل 15, 2026

وزن کم کرنیوالے انجیکشنز کا جگر کی صحت پر مثبت اثرات

ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ وزن کم کرنے والے انجیکشن جگر پر سوزش اور زخم کو کم کرتے ہوئے عضو کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں، چاہے خاطر خواہ وزن کم نہ بھی ہو۔سِینائی ہیلتھ کے محققین کے علم میں یہ بات آئی کہ سیماگلوٹائیڈ جو مقبول وزن کم کرنے والی ادویات میں استعمال ہونے والا فعال جزو ہے اور آنتوں کے ہارمون جی ایل پی-1 کی نقل کرتا ہے، جگر کے ایک خاص قسم کے خلیے پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتا ہے۔سیماگلوٹائڈ (جو ویگووی اور اوزیمپک کے ناموں سے فروخت ہوتی ہے) اس وقت وزن کم کرنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔تاہم، یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ یہ میٹابولک ڈس فنکشن سے وابستہ اسٹیٹو ہیپاٹائٹس (MASH) یعنی جگر میں چکنائی زیادہ ہونے سے پیدا ہونے والی ایک طویل مدتی بیماری کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔فیٹی لیور بیماری کی یہ شدید قسم (جو برطانیہ میں تقریباً 30 لاکھ افراد کو متاثر کرتی ہے) عام طور پر وزن کم کرنے سے بہتر ہو جاتی ہے۔لیکن محققین کے مطابق وزن کم کرنے والے یہ انجیکشن جگر کو ایسے طریقوں سے بھی فائدہ پہنچاتے ہیں جو صرف وزن کم کرنے سے ممکن نہیں ہوتے۔