اپریل 15, 2026

امریکی سیاست میں ہلچل، دو بڑے اراکین کانگریس جنسی اسکینڈل پر مستعفی

امریکا میں دو اراکین کانگریس کو جنسی زیادتی اور بدسلوکی کے الزامات کے بعد اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا پڑ گیا، جس سے امریکی سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس ایرک سوالویل پر چار خواتین نے جنسی بدسلوکی کے الزامات عائد کیے۔ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد ایرک سوالویل نے نہ صرف اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا بلکہ گورنر کیلیفورنیا کے انتخاب کے لیے جاری اپنی انتخابی مہم بھی ختم کردی۔دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس ٹونی گونزالیز بھی اسی نوعیت کے الزامات کی زد میں آئے، جس کے بعد ان پر بھی شدید سیاسی دباؤ بڑھ گیا۔ذرائع کے مطابق دونوں سیاستدانوں کو اپنی اپنی جماعتوں کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا تھا کہ اگر وہ خود مستعفی نہ ہوئے تو کانگریس میں قرارداد لا کر ان کی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات نے امریکی سیاست میں اخلاقی احتساب اور شفافیت کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ عوامی سطح پر بھی ایسے الزامات پر سخت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔