نومبر 28, 2026

33 کیتھولک اور دیگر مسیحی اداروں کا اعلان

اقوام متحدہ کے زیر انتظام ترکی کے شہر انطالیہ میں بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس 9 نومبر 2026 ء کو منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کو 20 نومبر کو اختتام پذیرہونا تھا جوایک دن کے اضافے کے ساتھ 21 نومبر کو اختتام پذیر ہوئی۔ اس کانفرنس میں عالمی ماحولیاتی معاہدے میں شامل 197 ممالک کے وفود جن میں یورپی یونین کے 27 ممالک بھی شامل تھے نے شرکت کی۔ البتہ امریکہ، اسرائیل اور برما سے سرکاری طور پر کسی نے شرکت نہیں کی۔ برما اندرونی خانہ جنگی اور بین الاقوامی پابندیوں کے باعث کانفرنس سے غیر حاضر رہا۔ اسرائیل کو دعوت نہیں دی گئی تھی جبکہ اسرائیل حکومت کا موقف تھا کہ انہوں نے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر شرکت نہیں کی۔ دوسری جانب امریکہ نے چونکہ عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ہونیو الے مذاکرات کو غیر ضروری قرار دیا ہوا ہے اس لیے سرکاری طور پر یہاں سے کوئی نمائندگی نہیں تھی۔ لیکن امریکہ کی مختلف ریاستوں کے گورنرز‘میئرز اور مختلف تنظیموں کے 120 سے زائد افراد نے اس کنونشن میں غیر سرکاری طور پر شرکت کی۔کانفرنس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں شامل افراد کی تعداد92 ہزار سے زائد تھی اتنی بڑی تعداد میں 13 دنوں تک ان لوگوں کے قیام وطعام اور آمدورفت کا بندوبست کرنا بھی بجائے خود ایک بہت بڑا کام تھا۔ اتنے بڑے پیمانے پر رکن ممالک کو جمع کرنے مقصد یہ تھا کہ دنیا سے مرحلہ وار کوئلے، گیس اور تیل کے استعمال کو ختم کیا جائے اور عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی لانے تدابیر پر غور کیا جائے۔ توانائی کے متبادل انتظامات جن میں سولر انرجی، پن بجلی‘ ہوائی بجلی‘حیاتیاتی انرجی اور جوہری توانائی وغیرہ کے ذرائع شامل ہیں۔اس کانفرنس میں توانائی کے متبادل انتظامات کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیامگر بعض تیل پیدا کرنے والے ممالک کی مخالفت کے باعث معدنی ایندھن کے استعمال کے معاملے پر پیش رفت نہ ہو سکی جس پر خاص طور پر یورپی یونین اور دیگر ماحولیاتی بہتری کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس کا نفرنس کی خاص بات یہ ہے کہ اس اجتماع میں موجود دنیا بھر سے 31کیتھولک مسیحی تنظیموں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے تیل کمپنیوں سے اپنی اپنی سرمایہ کاری نکالنے اور ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا اس کے علاوہ کینیڈاکی ایک انگلش چرچ ڈایوس، مختلف چرچز کے ساتھ مل کر کواپڑیٹو ادارہ چلانے والی تنظیم اوئیکو کریڈٹ اور ورلڈ کو نسل آف چرچز نے بھی آئل کمپنیوں میں اپنی اپنی سرمایہ کاری نکالنے کا اعلان کیا تا کہ کرہ ارض میں ہر سال بڑھتے ہوئے درجہ حرارت بڑھتے ہوئے سیلاب، گلیشئر کے پگھلنے میں اضافے اور دیگر نقصانات سے بچاؤ کیلئے اپنا حصہ ڈالا جا سکے۔ اس طرح اس کانفرنس میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں مندوبین میں سے صرف 33 تنظیموں نے دنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے اپنا حصہ ڈالا جو سب کے سب مسیحی تھے۔البتہ نیدر لینڈ (ہالینڈ) اور کولمبیا کی قیادت میں بنایا گیا اتحاد SANTA MARTA PROCESS جس میں 25 ممالک شامل ہیں نے اعلان کیا کہ وہ پیٹرول اور دیگر مصنوعات سے بتدریج چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے واضع پلان منظر عام پر لائیں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا بھر سے 700سے زائد مذہبی ادارے جن میں زیادہ تر مسیحی اور یہودی ادارے شامل ہیں اس تعدا د میں تقریباََ 10 فیصد بدھ مت‘ اسلامی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے شامل ہیں جب کہ ان 10 فیصد میں 6 ادارے مسلم تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے نمائندگی کی۔ پاکستان نے موقف پیش کیا کہ آلودگی کے اخراج میں اقوام عالم میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے مگر سیلابوں اور گلیشئرپگھلنے کی وجہ سے نقصانات بہت زیادہ ہیں پاکستان نے مطالبہ کیاکہ ترقی پذیر ممالک کیلئے اعلان کردہ 300 ارب ڈالر کے فنڈز کو اعلانات کی بجائے ان پر عملدرآمد بھی کیا جائے۔ پاکستان نے اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ 4 سال قبل سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد عالمی اداروں نے نقصانات کی بحالی کیلئے 800 ملین ڈالر کے وعدوں پر عملدر آمد نہیں کیا۔پاکستان کی تشویش اپنی جگہ بجا ہے‘ہماری تجویز ہے کہ پاکستان کو فوری طور پر توانائی کے متبادل انتظامات کی طرف توجہ دینی چاہیے‘جن شمسی توانائی‘ پن بجلی اور ہوائی بجلی کی تیاری میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔دریاؤں ندی نالوں میں گزرگاہوں کو کشادہ کرنا۔ مزید ڈیم بنایا سیلابی پانی کا ذخیرہ کرنا اور جنگلات میں اضافے جیسے دیگر اور بہت سے اقدامات ہیں جن کی طرف ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔امید ہے کہ حکومت پاکستان ہماری گزارشات پر ضرور غور فرمائے گی تا کہ پاکستان کو آنے والے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔