نومبر 28, 2026

جب تک دو قومی نظریہ ہے امن نہیں ہوگا

کہتے ہیں جہاں کہیں دو سیاستدان جمع ہونگے وہاں تین سیاسی جماعتیں اور پانچ مختلف خیالات ہوں گے۔ جب یہ لیڈران کرام جلسوں جلوسوں اور اخباری بیانات میں عوام کو الو بنانے کیلئے اپنے سارے ہنر استعمال کرتے ہیں تو انہیں یہ بھی یاد نہیں رہتا کہ میڈیا ان کو ریکارڈ کر رہا ہے اور جب یہ ریکارڈ شدہ بیانات یا تقاریر عوام تک پہنچتے ہیں تو یہ رہنما اس کے معنی بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر انہیں یہ سب کچھ کرنا تھا تو اپنی کہی ہوئی بات پر کیوں قائم نہیں رہتے؟آج وہ زمانہ نہیں کہ جب لیڈر اپنی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا اخبارات پر الزام لگا دیتے تھے۔ آج ان کی ہر بات کا ہر لفظ کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ اسی لیے رہنماِ قوم اب یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کا مطلب وہ نہیں تھا جو انہوں نے اپنی پہلی یا دوسری یا تیسری تقریر میں بیان کیا تھا۔میں نے یہ طویل تمہیداس لیے باندی ہے کہ کہ ان دنوں یورپ کے اخبارات پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات کے حوالے سے مضامین شائع کر رہے ہیں۔ہالینڈ کا ایک نہایت سنجیدہ اور دانشوروں میں مقبول روزنامہ ”فوکس کرنٹ“ گائے بگاہے اپنے مضامین اور تبصروں میں برصغیر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتا رہتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی کے بارے میں اخبار "فوکس کرنٹ ”لکھتا ہے“:۔
اگر دونوں ملک چاہیں تو ہم (یورپی یونین کے ممالک) مدد کرنے کو تیار ہیں لیکن بہتر یہ ہے کہ مسائل کا حل دونوں ممالک باہمی طور پر تلاش کریں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات نہ صرف علاقہ بلکہ ساری دنیا کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ جنوبی ایشیا کے دونوں پڑوسیوں کے تعلقات میں تلخی کے اثرات علاقے سے باہر بھی مرتب ہوتے ہیں“۔
اخبار آگے چل کر لکھتا ہے:
”بانی پاکستان محمد علی جناح نے اپنی تقریروں اور بیانات میں کئی بار ان باتوں کی نشاندہی کی ہے کہ پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد برصغیر کے ہندوؤں اور مسلمانوں کیلئے اچھے دوستوں اور اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ویسے ہی تعلقات دیکھنا چاہتے ہیں جیسے تعلقات امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ہیں“۔
موجودہ حالات کے تناظر میں دیکھا جائے تو برصغیر میں پائیدار امن و استحکام و دوستی کے بیچ سب سے اہم مسئلہ تنازع کشمیر ہی ہے۔ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا کا یہ علاقہ اور بھی خطرناک ہو گیا ہے۔ جیسے کروڑوں انسان بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوں۔ کسی بھی لمحے بستیاں ویران ہو سکتی ہیں۔ کیا یہ سب باتیں اور واقعات کشمیر کے تنازع کے حل کیلئے کارآمد ہوں گی؟میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ملکوں کو اپنے اپنے موقف میں نرمی پیدا کرنی چاہیے۔ ایک دوسرے کی مشکلات کا خیال رکھتے ہوئے ”کچھ لو کچھ دو“ کی پالیسی ہی سے یہ مسئلہ طے ہو سکتا ہے۔بھارت کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ ”اٹوٹ انگ“ کا راگ نہ الاپے اور پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ حق خود ارادیت کیلئے رائے شماری کی دوہائی نہ دے۔رائے شماری کرانے کیلئے 22 برسوں تک شیخ عبداللہ نے طویل جدوجہد کی۔ 1975ء میں انہیں بھی اعتراف کرنا پڑا کہ رائے شماری کا نعرہ ناقابل عمل ہے۔ دونوں ملکوں کے حکمران اور میڈیا اپنے عوام کے ذہنوں کو بے جا خدشہ سے پاک کریں کہ دونوں ملکوں کے عوام کا نظریہ ایک دوسرے کے متعلق بہت ہی غلط رخ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ اْدھر پاکستان کے عوام سوچتے ہیں کہ بھارت کی جنتا نے آج تک پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا اور یہ کہ ہندو مذہب اسلام سے عناد رکھتا ہے۔جس کا ثبوت دائیں بازو کی تمام تنظیموں کے بیانات ہیں۔ بھارتی لیڈرشپ نے بنگلہ دیش بنوایا اور مستقبل میں بھی وہ کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دے گا۔ادھر بھارتی عوام یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان امریکہ اور چین کا آلہ کار ہے۔ پاکستان چین کی گیم کھیل رہا ہے۔وہ بھارت کیلئے مسائل پیدا کر کے چین کی مدد کر رہا ہے اور یہ کہ وہ پاکستان بھارتی سیکولرزم جمہوریت ترقی اور مشترکہ سماج کو تباہ و برباد کرنے کا خواہ ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔
برصغیر کی تاریخ میں ہمیشہ یہی دیکھا گیا ہے کہ جب بھی دو ہمسایوں کے درمیان کوئی تنازع پیدا ہوا ہے تو ایسی صورت میں ہمیشہ تیسرے فریق ہی نے فائدہ اٹھایا ہے۔ معاہدہ لاہور میں دونوں ملکوں کی کامیابی یہ تھی کہ بھارتی وزیراعظم نے جہاں مسئلہ کشمیر کو ”تنازع“مان لیا تھا اور وہ اس موضوع پر بات چیت کرنے کو تیار ہو گئے تھے۔ جس پر وہ پہلے بات سننا بھی پسند نہ کرتے تھے ’وہاں وزیراعظم نواز شریف نے بھی کچھ وسعت نظری سے کام لیا اور پہلی بار پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے نہ تو کسی تیسرے فریق یا ملک کی ثالثی کیلئے اصرار کیا یا زور دیا اور نہ ہی اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کرانے کے مطالبے کو دہرایا۔ لیکن ایک بات جو سب سے زیادہ دلچسپ اور اہم تھی اْس وقت کے وزیر اطلاعات اور نواز شریف کے دست راست یہ ان دنوں حکومتی پارٹی مسلم لیگ(ق)کے سینیٹر بنائے گئے تھے ’مشاہد حسین کی تھی۔ معروف صحافی اور میرے دوست کلدیپ نیر نے مجھے ایک ملاقات میں بتایا کہ جب وہ وزیراعظم واجپائی کے وفد کے ہمراہ بس کے ذریعے لاہور پہنچے تو وہاں لاہوریوں کا روایتی جوش و خروش تاپاک اور خیر سگالی کے جذبات دیکھ کر انہوں نے وزیر اطلاعات مشاہد حسین سے پوچھا کہ پاکستان کی طرف سے یہ خیر سگالی اور جوش و خروش پہلے کیوں نہ دکھایا گیا’تو مشاہد حسین نے جواب دیا کہ ”پاکستان ایک ایسی پارٹی سے ڈیل کرنا چاہتا تھا جو ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہو“۔کیا آج پھر وہی وقت نہیں آگیا ہے کہ بھارت اور پاکستان برسوں سے اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کے بجائے بات چیت کی ایک ڈگر تلاش کریں؟میرے حساب سے اس وقت سب سے اہم مسئلہ دونوں ملکوں میں مسئلہ کشمیر پر عوام الناس میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس سے رائے عامہ میں تبدیلی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دونوں ممالک میں شکوک و شبہات اس قدر پھیلا دئیے گئے ہیں کہ گزشتہ پون صدی سے ہم محض ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ ہی کرتے آئے ہیں جبکہ پاک و ہند دوستی نہ صرف ممکن ہے۔