کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے نکالی گئی لاش کی شناخت 17 سالہ محمد علی ولد محمد بلال کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ قانونی کارروائی کے لیے لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری اور دیگر وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔حکام نے مزید بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے اب تک مجموعی طور پر 11 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 11 افراد اب بھی لاپتا ہیں جب کہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو 1122 کی جانب سے ملبے سے ریسکیو کی گئی گیارہویں لاش کی شناخت حسیب اکرم ولد محمد اکرم کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کے بعد سے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ملبے میں تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں انسانی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔




