نومبر 28, 2026

کونسلر عدالت علی خودبتاتے ہیں

راچڈیل کونسل کے ڈپٹی لیڈر عدالت علی نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ انہیں ایف آئی اے کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ پانچ سے دس لاکھ پاکستانی اور تقریباً ایک لاکھ کشمیر ای سی ایل اور پی سی ایل کی لسٹوں میں شامل ہیں۔ اپنی آمد کے بعد پہلی دفعہ پاکستان میں اسلام آباد ائرپورٹ پر خود کو آف لوڈ کئے جانے پر ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنے خلاف کسی مقدمے یا الزام کی وضاحت نہیں دی گئی اور بالآخر برطانوی ہائی کمیشن اور برطانوی سیاست دانوں کی مداخلت کے بعد وہ پاکستان سے واپس برطانیہ آ سکے۔
یادرہے کہ راچڈیل کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر عدالت علی ساہیوال اور راچڈیل کے جڑواں شہر کے لنک پر خصوصی طور پر ایک وفد کے ہمراہ پاکستان گئے تھے ’جس وفد کی قیادت مئیر راچڈیل کونسلر فیصل رانا کر رہے تھے۔ راچڈیل کاایک نمائندہ وفد ہر سال جڑواں شہر ساہیوال کا دورہ کرتا ہے۔ راچڈیل کا ہر میئر وہاں جاتا ہے اور میئر کے ساتھ ایک سینئر سیاسی نمائندہ بھی ہوتا ہے۔ اس سال میئر کے ساتھ سینئر سیاسی نمائندے کے طور پرانہیں جانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ میں اس دورے کیلئے بہت پْرجوش تھا۔ میں وہاں کی ثقافت اور ماحول دیکھنا چاہتا تھا اور ثقافتی تبادلے بھی اس دورے کا حصہ تھے۔تاہم اسلام آباد میں امیگریشن کاؤنٹر پر میرے پاسپورٹ پر مہرتو لگائی گئی۔ تاہم فوراً بعداس نے مجھے ایف آئی اے کے ایک انسپکٹر کے حوالے کر دیا۔ میں مسلسل پوچھتا رہا کہ آخر معاملہ کیا ہے؟تاہم انہوں نے الزام لگایا کہ برطانیہ میں سنئیر سفارت کاروں نے میئر کونسلر رانا کواشارہ دیا تھا کہ اگر مجھے وفد میں شامل کیا گیا تو کچھ مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے میرا خیال تھا کہ شاید میرے بارے میں پہلے ہی کوئی رپورٹ کر دی گئی تھی۔اسلام آباد ائرپورٹ پر ہمیں ایک طرف روک لیا گیا۔ ایف آئی اے کے اہلکاروں نے کونسلر رانا، بشارت اوردیگر ارکان سے کہا کہ آپ چلے جائیں، لیکن انہوں نے انکار کر دیااورکہا کہ ہم ایک وفد کا حصہ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔ہم تقریباً تین سے چار گھنٹے وہاں رہے، لیکن کوئی واضح پیش رفت نہیں ہوئی۔اس دوران وفد کے ارکان نے رکن پارلیمنٹ پال واہ اور راچڈیل کونسل لیڈرنیز اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنرسے رابطہ کیا۔تاہم دوہری شہریت کی وجہ سے برطانوی حکام کی مدد کرنے کی صلاحیت محدود ہو جاتی ہے۔ تاہم، اگر آپ بیمار ہو جائیں تو وہ مدد کرتے ہیں۔اسی دوران میں بہت زیادہ ذہنی دباؤ اور گھبراہٹ کا شکار ہو گیا اور میری طبیعت خراب ہو گئی۔ مجھے ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ کے ہسپتال لے جایا گیا۔ اچانک انسپکٹر بھاگتا ہوا آیااور کہا: ”آپ جا سکتے ہیں، آپ آزاد ہیں۔“میں نے سمجھا کہ معاملہ حل ہو گیا ہے۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق ہم اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ گئے۔ اس کے بعد ہماری ثقافتی تبادلوں، راچڈیل میں بعض سماجی مسائل، اور پاکستان کی جانب سے کچھ ملزمان کو واپس نہ لینے سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوئی۔اس کے بعد ہم ساہیوال روانہ ہوئے اور وہاں ہمارا قیام بہت اچھا رہا۔ میئر نے وہاں ایک آئی ہسپتال کا افتتاح کیا۔ تقریباً 200 مرد، خواتین اور بزرگ افراد ایسے تھے جنہیں پہلے علاج کی سہولت میسر نہیں تھی۔ ان کے آپریشن کیے گئے تھے۔وہاں خطاب میں میں نے صحت اور فلاح و بہبود کے شعبے کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔لاہور پہنچنے کے بعد، ایئرپورٹ جانے سے پہلے میں اپنے ذہن میں پورے دورے کے بارے میں سوچ رہا تھا کہ پاکستان کے لوگ کتنے اچھے، محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔ ہم جہاں بھی گئے، لوگوں نے ہمیں محبت اور عزت دی۔لیکن چونکہ میں ایک سیاسی شخص ہوں، اس لیے میں نے اسلام آباد سے لے کر پنجاب کے مختلف علاقوں تک لوگوں سے سیاسی صورتحال پر بھی بات کی۔ لاہور ایئرپورٹ پر ہمیں دوبارہ روک لیا گیا اور کہا گیا کہ آپ نہیں جا سکتے۔اس کارروائی کو ”آف لوڈ“ کرنا کہا گیا، یعنی مجھے پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ایف آئی اے کے اہلکار بہت اچھے تھے۔ میں ان کے ساتھ بیٹھا رہا۔ ان میں سے ایک افسر نے مجھے بتایا:”آپ اکیلے نہیں ہیں۔ آپ جیسے مزید پانچ لاکھ سے دس لاکھ پاکستانی ای سی ایل اور پی سی ایل پر ہیں۔ تقریباً ایک لاکھ کشمیری بھی اس فہرست میں ہیں، اور یہ فہرست مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ہم کچھ نہیں کر سکتے“۔تاہم ایف آئی اے کے لوگ مجھے میرے اوپر لگنے والے الزام کے بارے میں کچھ نہ بتا سکے۔دراصل میرے اوپر کوئی الزام موجود ہی نہیں تھا۔ بس میرا نام فہرست میں ڈال دیا گیا تھا۔مئیر فیصل رانا نے رضاکارانہ طور پر میرے ساتھ لاہور سے اسلام آباد جانے کا فیصلہ کیا۔ ہم پوری رات سفر کر کے اسلام آباد پہنچے۔میں نے اپنے ایک سیاسی دوست کو فون کیا۔ اس کے بعد ہم دوبارہ راجہ پرویز اشرف سے ملنے گئے اور انہیں سارا معاملہ بتایا۔انہوں نے ملٹری کے ایک بریگیڈئرفائق سے کہا کہ میں بھی پاکستان کے خلاف نہیں ہوں۔ پاکستان کسی ایک سیاست دان یا فوج کا نام نہیں۔ پاکستان اس کے عوام کا ملک ہے۔میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں اور پاکستان کے لوگوں سے بھی محبت کرتا ہوں۔اس کے جواب میں کہا گیا: ”میں معاملہ حل کر دوں گا۔“اس کے بعد جمعہ آ گیا۔ راجہ صاحب پارلیمنٹ گئے اور ہمارے وزیرِ داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، لیکن پھر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔اس وقت تک میں پریشان ہونا شروع ہو گیا تھا۔ میں نے دوبارہ اپنے رکنِ پارلیمنٹ پال واہ سے رابطہ کیا۔اس دوران بریڈفورڈ سے رکنِ پارلیمنٹ عمران حسین کا بھی فون آیا، جو آل پارٹی پارلیمانی کشمیر گروپ کے چیئرمین ہیں۔ میں نے انہیں پوری صورتحال بتائی۔ہاؤس آف لارڈز میں میرے ایک کزن لارڈ قربان نے بھی مجھے فون کیا۔ دیگر ارکانِ پارلیمنٹ بھی بہت پریشان تھے اور مجھ سے رابطہ کر رہے تھے۔میں نے سب کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے آگاہ کیا۔ میرا خیال ہے کہ ان سب نے دفترِ خارجہ اور دولتِ مشترکہ کے دفتر سے رابطہ کیا۔برطانیہ میں معاملہ وزیرِ خارجہ ایڈ ملی بینڈ تک بھی پہنچایاگیا۔مجھے معلوم ہو اکہ بہت سے پاکستانی اور کشمیری اسی صورتحال سے دوچار ہیں۔ وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے، ایک غیر یقینی کیفیت میں پھنسے ہوئے ہیں، ان کے پاس پیسے نہیں اور ان کے خلاف کوئی مقدمہ بھی نہیں۔یہ محض ہراساں کرنے، خوف پھیلانے اور لوگوں کو یہ سبق سکھانے کا طریقہ ہے کہ وہ ظلم کے خلاف آواز نہ اٹھائیں۔بی بی سی اور دیگر ادارے بھی مسلسل مجھ سے رابطہ کر رہے تھے، لیکن برطانوی ہائی کمیشن نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ جب تک میں پاکستان سے باہر نہیں نکل جاتا، خاموش رہوں اور کوئی بیان نہ دوں۔میں برطانوی ہائی کمشنر اور برطانوی سیاست دانوں کی مداخلت کے باعث وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔تاہم سوال وہیں ہے کہ اگر مجھ جیسے شخص کے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے جو ایک سرکاری وفد کے حصہ تھا تو پھر عام کشمیریوں اورپاکستانیوں کے ساتھ ائرپورٹوں پر کیا سلوک ہوتاہوگا۔ برطانیہ میں رہنے والے تقریباً 15 لاکھ کشمیری بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔یہاں برطانیہ میں موجود پاکستانیوں، پاکستانی قونصل خانوں اور یہاں تعینات انٹیلی جنس اداروں، بشمول آئی ایس آئی، کے بارے میں میرا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو غلط معلومات فراہم کرنے اور خوف زدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ لوگ خاموش رہیں۔لیکن میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں خاموش نہیں رہوں گا۔میں نے کبھی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے سے گریز نہیں کیا۔ میں ہمیشہ لوگوں کے حقوق کے لیے بولتا رہا ہوں اور آئندہ بھی بولوں گا، چاہے کہیں بھی ناانصافی ہو۔میں فلسطین کے لیے آواز اٹھاتا ہوں، میں نے روانڈا کیلئے آواز اٹھائی، بوسنیا کیلئے آواز اٹھائی، بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر بھی بات کی، اور اب اپنے گھر کے دروازے پر، اپنے ہی لوگوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اس کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں۔کوئی مجھے خاموش نہیں کر سکتا۔میں جمعرات کو پاکستان سے باہر نکلا اور پیر کے روز ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں میں نے شرکت کی۔ آئندہ بھی جہاں ممکن ہوا ہر احتجاج میں شریک ہوں گا۔میں اپنا مقدمہ تیار کر رہا ہوں تاکہ بہت جلد اسے جنیوا میں انسانی حقوق کے متعلقہ اداروں کے سامنے لے جا سکوں۔کیونکہ یہ صرف میرا انفرادی معاملہ نہیں، بلکہ یہ ایک کیس اسٹڈی ہے۔ بیرونِ ملک رہنے والے لاکھوں کشمیری اور پاکستانی اس صورتحال سے متاثر ہیں۔ہمیں کبھی خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ہمیں تشدد نہیں کرنا چاہیے، ہمیں لوگوں کو گالیاں نہیں دینی چاہئیں، جیسا کہ بعض لوگوں نے کیا، لیکن ہمیں اپنے حقوق کیلئے ضرور جدوجہد کرنی چاہیے۔ یہ ہمارے بنیادی انسانی حقوق ہیں۔اگر آپ یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں بھی اپنے حقوق کیلئے آواز نہیں اٹھا سکتے تو پھر کہاں اٹھائیں گے؟
یقینا کونسلر عدالت علی کی یہ آواز برطانیہ میں رہنے والے ہر کشمیر ی اور پاکستانی کی آواز ہے۔سوال یہ ہے کہ پاکستان کے معاشرے میں ایسا کیوں ہے کہ حکومت کے ہر مخالف کو ریاست پاکستان کا مخالف سمجھا جاتا ہے۔ اگر ریاست جموں وکشمیر کے کچھ لوگ پاکستان کے ساتھ الحاق کرنا چاہتے ہیں یا پھر وہ بھارت کے ساتھ الحاق کرنا چاہتے ہیں یا ریاست کی آزاد اور خودمختار حیثیت کے حق میں ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہے کہ وہ اپنے وطن کے بارے میں جو بھی چاہے رائے رکھیں۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ ریاست ابھی تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ ریاست ہے۔ یہ نہ ہی تو کسی کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی کسی کی شہ رگ ہے بلکہ اس کا فیصلہ کشمیری عوام ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔ ہم اس بارے میں کوئی رائے نہیں دیتے بلکہ بات قارئین پر چھوڑتے ہیں کہ وہ اس بارے میں کیا رائے قائم کرتے ہیں؟