نومبر 28, 2026

بھارت میں سائبر فراڈ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، 164 غیر ملکی شہری بازیاب

بھارتی پولیس نے سائبر فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث کرنے کے لیے مبینہ طور پر بھارت اسمگل کیے گئے 164 غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بازیاب افراد میں 92 انڈونیشین اور 72 ملائیشین شہری شامل ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے نواحی علاقے میں بین الاقوامی سائبر جرائم کے ایک نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران ان افراد کو بازیاب کرایا گیا۔پولیس کے مطابق غیر ملکی شہریوں کو ملازمت اور پرکشش مواقع فراہم کرنے سمیت مختلف بہانوں سے بھارت بلایا گیا تھا، تاہم یہاں پہنچنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر قید کردیا گیا اور آن لائن فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک ملائیشین شہری کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک سے وابستہ دو بھارتی سہولت کاروں کی بھی شناخت کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سائبر فراڈ کے ایسے مراکز جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف ممالک میں عام ہیں، جہاں جرائم پیشہ گروہ انٹرنیٹ صارفین کو جعلی محبت کے تعلقات، کرپٹو کرنسی سرمایہ کاری اور آن لائن جوئے کے پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکا دیتے ہیں۔ تاہم ایسے جرائم کے لیے غیر ملکیوں کو کسی ملک میں اسمگل کرکے فراڈ پر مجبور کرنے کے واقعات بھارت میں نسبتاً کم سامنے آتے ہیں۔اقوام متحدہ کی رواں سال کی ایک رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ جنوب مشرقی ایشیا میں کم از کم 3 لاکھ افراد کو سائبر فراڈ کے مراکز میں اسمگل کیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران میانمار کے سائبر فراڈ مراکز سے 2 ہزار 400 سے زائد بھارتی شہریوں کو واپس لایا گیا ہے۔