نومبر 28, 2026

”ہندکو اردو لغت“: ہندکو زبان کا گراں قدر سرمایہ

”ہندکو اردو لغت“ محض الفاظ کے معانی بیان کرنے والی ایک کتاب نہیں، بلکہ ہندکو زبان کی تہذیبی، ثقافتی، ادبی اور لسانی میراث کو محفوظ کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ہندکو زبان ہزاروں سال پر محیط تاریخی و ثقافتی روایت کی حامل ہے، جس کی مٹھاس، محاوروں کی دلکشی، روزمرہ بول چال کی سادگی اور اظہار کی وسعت اسے خطہ ہزارہ، پشاور، اٹک، چچھ اور دیگر علاقوں کی نمایاں علاقائی زبانوں میں ممتاز مقام عطا کرتی ہے۔ اس کے علوی ہندکو مقبوضہ کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی بولی جاتی ہے۔ ان علاقوں کی علاقائی زبانوں میں کثیر نام ایک دوسرے ملتے جلتے ہیں۔
ہندکو زبان کی تاریخی اہمیت:ہندکو زبان خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں، خصوصاً ہزارہ ڈویڑن، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور پشاور کے متعدد علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ اس زبان میں مقامی تاریخ، عوامی دانش، لوک کہانیاں، کہاوتیں، گیت، شاعری اور معاشرتی تجربات کی ایک وسیع دنیا آباد ہے۔ ہندکو صرف رابطے کا وسیلہ نہیں، بلکہ ان لوگوں کی اجتماعی شناخت اور تہذیبی شعور کی بھی نمائندہ ہے جن کی زندگی اس زبان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔کسی بھی زبان کی ترقی اور بقاء کیلئے لغت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ہندکو اردو لغت کے ذریعے ہندکو الفاظ کے اردو معانی سمجھنے، ان کے درست استعمال کو جاننے اور زبان کی وسعت سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ ایسی لغت طلبہ، اساتذہ، محققین، ادیبوں، شاعروں اور صحافیوں کیلئے ایک مفید علمی وسیلہ بن سکتی ہے۔اس کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ علاقائی زبانوں کے بہت سے الفاظ، محاورے اور روزمرہ کے جملے وقت کے ساتھ استعمال سے خارج ہو رہے ہیں۔ اگر ان الفاظ کو مستند انداز میں جمع اور محفوظ نہ کیا جائے تو ہماری تہذیبی تاریخ کا ایک اہم حصہ آنے والی نسلوں کی دسترس سے باہر ہو سکتا ہے۔
تہذیبی ورثے کا تحفظ:ہندکو زبان میں مقامی رہن سہن، خاندانی رشتوں، زراعت، موسموں، رسم و رواج، دیہی زندگی اور انسانی جذبات سے متعلق ایسے الفاظ اور محاورے موجود ہیں جو مقامی معاشرے کی مخصوص شناخت کو ظاہر کرتے ہیں۔ لغت ان الفاظ کو محفوظ کرکے نہ صرف زبان کی خدمت کرتی ہے بلکہ اس معاشرتی علم کو بھی زندہ رکھتی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتا آیا ہے۔آج کے ڈیجیٹل دور میں علاقائی زبانوں کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ نئی نسل کا تعلیمی اور پیشہ ورانہ ماحول اکثر اردو اور انگریزی کے گرد گھومتا ہے، جس کے نتیجے میں مادری زبانوں کے بعض الفاظ اور محاورے روزمرہ زندگی سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ہندکو اردو لغت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آن لائن پلیٹ فارم، موبائل ایپلی کیشن اور تعلیمی اداروں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس میں درست تلفظ، مثالوں کے ساتھ جملے، علاقائی الفاظ کے مختلف استعمال اور محاورات شامل کیے جائیں تو اس کی افادیت مزید بڑھ سکتی ہے۔ہندکو اردو لغت درحقیقت زبان، ثقافت اور اجتماعی یادداشت کے تحفظ کی ایک اہم کوشش ہے۔ ایسی علمی کاوشوں کی قدر کرنا، انہیں نئی نسل تک پہنچانا اور ان میں مزید تحقیق و اضافے کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ہندکو ہماری تہذیبی پہچان کا حصہ ہے، اور اس کا تحفظ ہماری تاریخ، ثقافت اور لسانی تنوع کے تحفظ کے مترادف ہے۔ ہندکو اردو لغت ایک ایسا گراں قدر سرمایہ ہے جو ماضی کے علمی ورثے کو حال سے جوڑتے ہوئے مستقبل کی نسلوں کے لیے زبان کی شمع روشن رکھ سکتا ہے۔