ملتان: نشتر اسپتال میں 25 مریضوں میں ایڈز وائرس منتقل ہونے کی تصدیق

نشتر اسپتال ملتان میں 25 مریضوں میں ایڈز وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہو گئی۔اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکوائری میں 25 مریضوں میں ایڈز وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ کمیٹی نے ایم ایس نشتر اسپتال اور ہیڈ آف نیفرالوجی کو واقعے کا ذمے دار ٹھہرا دیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کل اپنی رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کرے گی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈائیلسز یونٹ کا تمام ریکارڈ قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل اس حوالے سے اسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈائیلیسز یونٹ میں ایک مریض ایڈز وائرس پھیلانے کی وجہ بنا۔انہوں نے بتایا تھا کہ ڈائیلیسز یونٹ میں 240 مریض رجسٹرڈ ہیں، ایڈز سے متاثرہ شخص 240 مریضوں میں سے ایک تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اس لیے اس مریض کا الگ سے رکھی ڈائیلیسز مشین پر علاج نہیں کیا، تمام رجسٹرڈ مریضوں کی اسکرینگ ٹیسٹ دوبارہ کی جا رہی ہے۔