ریاض:وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جو سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے جاری کیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔سعودی ولی عہد نے پاک سعودی اسٹرٹیجک تعاون کو سراہتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے اقدامات زیر بحث آئے۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔




