اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لینڈا تھامس گرین فیلڈ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کرے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں امریکی سفیر نے غزہ میں انسانی بحرانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لینڈا تھامس گرین فیلڈ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ غزہ میں شہریوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکل جانے کے لیے مجبور نہیں کیا جائے۔امریکی سفیر نے خبردار کیا کہ اسرائیل ایسے اقدامات سے گریز کرے جس کے باعث فلسطینی شہری خوراک اور امداد سے محروم رہے اور بھوک سے ان کی موت واقع ہوجائے گا۔لینڈا تھامس گرین فیلڈ نے متنبہ کیا کہ اگر اسرائیل نے ایسا کیا تو اس کے امریکی اور عالمی قانون کے تحت سنگین مضمرات ہوں گے۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی مداخلت کی بدولت اسرائیل نے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے کچھ اہم اقدامات کیے ہیں پھر بھی اسرائیل کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس کے اقدامات مکمل طور پر نافذ ہوں اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری آتی رہے۔