اپریل 18, 2026

اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے کیسز میں خطرناک اضافہ، نوجوان مرد سب سے زیادہ متاثر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں تشویشناک تیزی دیکھنے میں آئی ہے جہاں جنوری 2025ء سے مارچ 2026ء تک مجموعی طور پر 618 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہر ماہ اوسطاً 41 سے زائد افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق متاثرہ افراد میں نوجوان مردوں کی واضح اکثریت سامنے آئی ہے جہاں 64 فیصد کیسز بالغ مردوں پر مشتمل ہیں، مجموعی 618 کیسز میں 397 مرد، 106 خواتین، 93 خواجہ سرا اور 22 بچے شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے دوران اسلام آباد میں 498 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں مزید 120 نئے کیسز سامنے آئے۔ ماہانہ بنیادوں پر جولائی 2025ء سب سے زیادہ متاثرہ مہینہ رہا جس میں 63 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ جون اور دسمبر میں کم ترین 31، 31 کیسز سامنے آئے۔ماہرین کے مطابق نوجوان مردوں میں منشیات، خصوصاً آئس (کرسٹل میتھ) کے استعمال کے دوران غیر محفوظ تعلقات ایچ آئی وی کے تیزی سے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بن رہے ہیں۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 3 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو ایک بڑھتا ہوا عوامی صحت کا بحران ہے۔