امریکا میں نیا ریکارڈ؛ 50 میں سے 13 ریاستوں میں خاتون گورنرز منتخب

ری پبلکن کی خاتون امیدوار کیلی ایوٹ نے ریاست نیو ہیمپشائر میں گورنر کا انتخاب جیت لیا۔امریکی میڈیا کے مطابق حکمراں جماعت ڈیموکریٹ کی امیدوار اور مانچسٹر کی سابق میئر جوئس کریگ کو شکست دیکر نیو ہیمپشائر کی گورنر منتخب ہونے والی کیلی ایوٹ سابق سینیٹر بھی ہیں۔کیلی ایوٹ کی کامیابی کے بعد امریکا میں خاتون ریاستی گورنرز کی تعداد 13 ہوگئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل 2022 میں خاتون گورنرز کی سب سے بڑی تعداد 12 تھی۔یاد رہے کہ امریکا میں ریاستوں کے گورنر براہ راست الیکشن کے ذریعے منتخب کیے جاتے ہیں جو کہ ایک بااختیار عہدہ ہے۔تاہم خواتین کی نمائندگی ریکارڈ ساز ہونے کے باوجود امریکا کی 50 میں سے 18 ریاستیں ایسی ہیں جن میں کبھی کوئی خاتون گورنر منتخب نہیں ہوئیں۔یاد رہے کہ صدارتی الیکشن میں کملا ہیرس کی شکست سے امریکا پہلی خاتون صدر کے انتخاب کے ایک تاریخ ساز لمحے سے محروم رہ گیا۔کملا ہیرس کی شکست اور ٹرمپ کی فتح کو بعض حلقے مردانہ سوچ کے غالب ہونے کو قرار دے رہے ہیں۔ اکثر مرد ووٹرز نے صرف خاتون کی ہونے کی وجہ سے کملا ہیرس کے بجائے ٹرمپ کو ترجیح دی۔