وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی رجب طیب اردوان سے بہترین ملاقات ہوئی جبکہ دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں جس میں بامقصد تبادلہ خیال کیا گیا۔ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کا پلیٹ فارم ایک عالمی مکالمے کی فضا میں تبدیل ہو چکا ہے جو امن و استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مختلف نقطہ نظر کو یکجا کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میں ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی گرمجوش میزبانی اور بہترین انتظامات نے اس فورم کو کامیاب بنایا، خصوصاً ہاکان فیدان کا بھی شکر گزار ہوں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میں انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس دورے کے دوران شاندار معاونت فراہم کی، ہم نے حالیہ مصروفیات کے آخری مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اب ہم پاکستان واپسی کے سفر پر روانہ ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ میں خوبصورت شہر انطالیہ سے روانہ ہو رہا ہوں، میں یہاں پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی اور گرمجوش استقبال پر اپنے عزیز بھائی رجب طیب اردوان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں انطالیہ سے خوشگوار یادوں کے ساتھ روانہ ہو رہا ہوں اور اس عزمِ نو کے ساتھ کہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا، پاکستان اور ترکیہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ میں قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔




