اکتوبر 23, 2026

لانگ مارچ لیکر اسلام آباد جائیں گے، تیاری کررہے ہیں، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم لانگ مارچ لیکر اسلام آباد جائیں گے جس کیلئے تیاری کررہے ہیں۔نیو کراچی میں شیخ سعدی اسکول کا تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ آج ملک کے 150 مقامات پرپیٹرولیم ٹیکس کے خلاف احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، حکومت نے عوام پر لیوی ٹیکس نافذ کر رکھا ہے جسے ہم بھتہ ٹیکس کہتے ہیں، ہم پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ لوگوں کی سواری موٹر سائیکل ہے، حکومت لیوی ٹیکس کا ختم کرنے کا اعلان کرے، پیٹرول کی قیمت میں کمی سے عوام کا جینا آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلو خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے، آئی پی پیز کا معاملہ کیوں حکومت نظرانداز کررہی ہے؟، ملک میں معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، کراچی شہر میں دس کلو آٹا دو ہزار کا فروخت ہو رہا ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاونز میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ہمارے ٹاؤن چیئرمینز اختیارات سے بڑھ کرکام کررہے ہیں، قبضہ میئر نے اختیارت روکے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کوووٹ دیے مگر اسٹیبلشمنٹ نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے قبضہ مئیر کو ہم پر مسلط کردیا، کے فورمنصوبہ تعطل کاشکارہے، صوبائی حکومت کی سرپرستی میں زمینوں پرقبضے ہورہے ہیں۔