امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اس وقت ایران کے خلاف فوجی اور مالی محاذ پر اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان جاری تنازع جلد کسی نہ کسی صورت میں حل ہو جائے گا۔ تاہم انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں ترک کر دی ہیں؟ اس پر امریکی صدر نے کہا کہ فی الحال ایران کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے، لیکن معاملہ کسی نہ کسی صورت میں آگے بڑھے گا اور اس کا نتیجہ جلد سامنے آ سکتا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اس معاملے پر پیش رفت امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ہوگی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آگے کیا ہوتا ہے، یہ دیکھنا باقی ہے۔امریکی صدر نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کے معاملے میں حیران کن نتائج حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے جاری جنگ کو ایک ’چھوٹا تنازع‘ بھی قرار دیا۔ٹرمپ کے بیان سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے امریکا کا اگلا قدم کیا ہوگا، یا مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ جاری ہے یا نہیں۔




