عالمی عدالت کے حکم پر کتنے ممالک اسرائیلی وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے پابند ہیں ؟

عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کیخلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد دنیا کے 120 سے زائد ممالک اب اِنہیں گرفتار کرنے کے پابند ہیں ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معاہدہ روم کے تحت آئی سی سی میں شامل تمام 124 ملک نیتن یاہو اور گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کے قانونی طور پر پابند ہیں،غزہ میں نسل کشی کے مرتکب قرار پانے کے بعد نیتن یاہواور سابق وزیردفاع اسرائیل کی حیثیت مفرور مجرموں کی ہو گئی ہے، بین الاقوامی انسانی حقوق وکلاکا کہنا ہے کہ جو رکن ممالک اس پر عمل نہیں کریں گے وہ خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے، یورپی ممالک سمیت کوئی بھی آئی سی سی رکن وارنٹ گرفتاری کو نظر انداز نہیں کرے گا،میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل آئی سی سی کی اتھارٹی کو تسلیم نہیں کرتا یہی وجہ ہے نیتن یاہو اور گیلنٹ خود کو عدالت کے حوالے نہیں کریں گے۔