اپریل 29, 2026

پی ایس ایل: بابر کو سیزن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے کیلیے ایک رن درکار

بابر اعظم نے ایک پی ایس ایل سیزن میں سب سے زیادہ 588 رنز بنانے کا فخرزمان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے اوپنر نے 2022 میں 13 اننگز میں 588 رنز بنائے تھے۔بابر نے اس اعزاز کے لیے محض 10 اننگز کھیلیں اور فائنل میچ میں وہ صرف ایک رن بناکر بھی نیا ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔پشاور زلمی کے کپتان نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 59 گیندوں پر 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 103 رنز رنز بنائے۔وہ رواں ایڈیشن میں دوسری سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔بابر نے سنچری 57 گیندوں پر مکمل کی جس کے ساتھ وہ لیگ میں چار سنچریاں بنانے کے ریکارڈ میں بھی عثمان خان کے ہم پلہ بن گئے ہیں۔اگرچہ بابر اپنے پشاور زلمی کے ساتھی کوشال مینڈس سے رنز کی دوڑ میں آگے نکل آئے ہیں تاہم مینڈس بھی 541 رنز کے ساتھ ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ سے صرف 48 رنز دور ہیں اور ان کی فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کارنامہ مشکل نہیں لگتا۔واضح رہے کہ بابر اعظم 588 رنز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ وہ سب سے زیادہ 4 بار (2021، 2023، 2024 اور 2026) میں 500 سے زائد رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔محمد رضوان 3 جبکہ فخرزمان اور کوشال مینڈس ایک، ایک بار یہ اعزاز پا چکے ہیں۔