وفاقی وزیرداخلہ کا بی ایل اے کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےبلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ایف سی،سی ٹی ڈی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 2 کو گرفتار کرنے پرفرنٹیئر کور( ایف سی)،سی ٹی ڈی (کاونٹر ٹررزم ڈیپارٹمنٹ )اور پولیس کو شاباش دی ہے،محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایف سی،سی ٹی ڈی اور پولیس نے بروقت کارروائی کرکے کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے ایف سی،سی ٹی ڈی اور پولیس نے ہراول دستے کا کردار اداکیاہے، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر ایف سی،سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی لائق تحسین ہے۔ وزیر داخلہ کا مزید کہناتھاکہ بلوچستان کی سرزمین پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارکردگی کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔