مئی 29, 2026

امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا نمایاں کردار، ایرانی صدر نے کھل کر تعریف کردی

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ایرانی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم سے گفتگو کے دوران ایران کے سفارتی مؤقف اور خطے میں امن کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ انہوں نے ملائیشیا کا انسانی ہمدردی پر مبنی مؤقف اپنانے پر شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی اور ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے کی گئی مؤثر سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ایرانی صدر کے مطابق ایران اب بھی سفارت کاری اور مذاکرات کے راستے پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سیاسی حل کو ترجیح دے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی پالیسی مسلم اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا کھل کر اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور ممکنہ معاہدے کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔