مئی 29, 2026

فیفا ورلڈکپ: میسی مسلسل چھٹے ورلڈکپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کیلیے تیار

دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق کے سپر اسٹار لیونل میسی کو 2026 ورلڈ کپ کے لیے ارجنٹینا کے 26 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔میسی اس ٹورنامنٹ میں بطور کپتان ٹیم کی قیادت کریں گے اور یہ ان کے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا۔39 سالہ میسی نے 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو فرانس کے خلاف سنسنی خیز فائنل میں کامیابی دلا کر تیسرا عالمی ٹائٹل جتوایا تھا۔اب وہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہو جائیں گے جو چھ مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکیلونی نے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن اسکواڈ منتخب کیا ہے۔ایمیلیانو مارٹینیز، لیسانڈرو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو، الیکسس میک الیسٹر اور اینزو فرنینڈیز بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔میسی اب تک ارجنٹینا کے لیے 198 میچز کھیل چکے ہیں اور اگر وہ ہونڈوراس اور آئس لینڈ کے خلاف آئندہ دوستانہ میچز میں شرکت کرتے ہیں تو 200 انٹرنیشنل میچز مکمل کر لیں گےواضح رہے کہ ارجنٹینا گروپ جے میں شامل ہے اور اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز الجزائر کے خلاف کرے گا جبکہ دیگر میچز آسٹریا اور اردن کے خلاف ہوں گے۔