اولیمپئن سمیت پانچ ہاکی کے کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی عائد

کراچی:پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے سابق قومی کپتان اولمپئین ناصر علی سمیت 5 افراد پر تاحیات پابندی لگادی۔ فیڈریشن کے صدر طارق بغتی اور سیکریٹری اولمپئین رانا مجاہد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار متوازی فیڈریشن بنانے پر پانچ افراد پر تاحیات پابندی لگائی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن افراد پر پابندی عائد کی گئی ان میں اولمپئین ناصر علی، اولمپئین خالد بشیر، اولمپئین سلیم ناظم ، انٹرنیشنل حیدر علی اور علی عباس شامل ہیں۔ صدر کے مطابق کانگریس میں فیصلہ ہوا ہے کہ متوازی باڈی لانے والوں پرتاحیات لگائی جا ئے۔انہوں نے دعوٰی کیا کہ ہمیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ان کے مشیر رانا ثنا اللہ کی سپورٹ حاصل رہی جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے ملاقات میں ہمیں اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کراچی میں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج دلانے میں ہماری مدد کی۔پریس کانفرنس میں اُن کا کہنا تھا کہ ہاکی اسٹیڈیم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت ہے، لاہور اور کراچی میں ہاکی اسٹیڈیم کے حالات بھی ایک جیسے ہیں ، کچھ وجوہات کی وجہ سے سندھ کے کھلاڑی قومی ٹیم میں منتخب نہیں ہوتے، پاکستان ہاکی میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے۔مقررین کا مزید کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے قومی ہاکی ٹیم کو مدعو کیا اور کامیابی کوسراہا جبکہ میڈیکل سہولیات کے لئے قومی ہاکی کھلاڑیوں کے لیے سی ایم ایچ کے میڈیکل کارڈ بنوا کر دیے۔