لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے اسمارٹ گلاسز پر پابندی کے لیے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے بھی عملی اقدامات کی تفصیلات طلب کرلیں۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خاتون نادرہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے شہرام ساقی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران منسٹری آف کامرس کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کردی گئی، جس میں لکھا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو بھی اس معاملے پر لکھ دیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ اس معاملے پر کیا اقدامات کیے گئے ہیں، رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو ہدایت کی کہ معاملہ کابینہ میں کب تک جائے گا، عملی اقدامات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کے وکیل سے یہ بھی پوچھا کہ کیا اسمارٹ گلاسز کا معاملہ اٹھایا گیا ہے یا نہیں۔وفاقی حکومت کے وکیل رفاقت ڈوگر نے بتایا کہ عدالتی حکم پر اس معاملے کو اٹھایا گیا ہے۔ معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے، جس کے بعد اسے کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو بھی اس حوالے سے لکھ دیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف میر عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق اسمارٹ گلاسز کی ریکارڈنگ یا اس حوالے سے کسی متاثرہ شہری کی درخواست این سی سی آئی اے میں زیر سماعت نہیں ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی۔




