مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو اموڈی نے امید ظاہر کی ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے اگلے دس برس سے بھی کم عرصے میں کینسر، الزائمر، دل کی بیماریوں اور ذہنی امراض جیسے بڑے طبی مسائل پر قابو پانے میں نمایاں پیش رفت ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت طبی تحقیق اور نئی ادویات کی تیاری کے عمل کو غیر معمولی رفتار دے سکتی ہے۔ڈاریو اموڈی کا کہنا ہے کہ اے آئی کی مدد سے ایسے امراض کے علاج کی راہیں تلاش کرنا ممکن ہوسکتا ہے جن پر طویل عرصے سے تحقیق جاری ہے۔ ان کے خیال میں یہ ٹیکنالوجی نہ صرف بیماریوں کو سمجھنے بلکہ نئی دوائیں تیار کرنے کے عمل میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔اس سے پہلے گوگل کے مصنوعی ذہانت کے شعبے کے سربراہ ڈیماس ہسابیس اور ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی اسی نوعیت کی امیدیں ظاہر کرچکے ہیں۔ ہسابیس کے مطابق مصنوعی ذہانت ادویات کی تیاری کے ایک ایسے عمل کو، جس میں عموماً دس سال لگ جاتے ہیں، چند ہفتوں تک محدود کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں گوگل کے نظام ’الفا فولڈ‘ کی مثال دی، جس نے 20 کروڑ سے زائد پروٹین ساختوں کی پیش گوئی اور نقشہ سازی میں اہم کامیابی حاصل کی۔تاہم غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طبی ماہرین اور دوا ساز اداروں کے بعض سربراہان ان دعوؤں کو حقیقت سے دور سمجھتے ہیں۔ ورٹیکس فارماسیوٹیکلز کے چیئرمین جیف لیڈن نے ایسی پیش گوئیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی نے 50 مصنوعی ذہانت کے نظام آزمائے، جن کے ذریعے 10 ہزار ادویاتی مرکبات کا جائزہ لیا گیا، لیکن ان میں سے کوئی نظام خودمختار طور پر مؤثر دوا تیار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر کے ذریعے کسی ممکنہ دوا کی نشاندہی صرف تحقیق کا ابتدائی مرحلہ ہے۔ اس کے بعد تجربہ گاہوں میں جانچ، جانوروں پر تجربات، انسانوں پر مختلف مراحل میں طبی آزمائشیں اور متعلقہ حکام سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ادویات کی تیاری اور منظوری کا یہ پورا عمل عموماً 10 سے 12 سال لے سکتا ہے، جسے صرف مصنوعی ذہانت کے استعمال سے مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں۔طبی ماہرین کے مطابق موجودہ اے آئی نظام ابھی انسانی جسم اور بیماریوں سے جڑے پیچیدہ حیاتیاتی عوامل کو مکمل طور پر سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2026 تک مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی کوئی دوا ایسی مکمل طبی منظوری حاصل کرکے وسیع پیمانے پر استعمال میں نہیں آئی جس سے ان بڑے دعوؤں کی عملی تصدیق ہوسکے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ماضی میں بھی کینسر سمیت کئی بڑے امراض کے خاتمے سے متعلق بلند بانگ پیش گوئیاں کی جاتی رہی ہیں، لیکن مقررہ مدت میں ان کے نتائج سامنے نہیں آسکے۔ اس لیے مصنوعی ذہانت کے ذریعے چند برس میں تمام بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے دعوؤں کو فی الحال محتاط انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔




