نومبر 12, 2026

جرمن فوج کا چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ، سکیورٹی خدشات اہم وجہ قرار

جرمنی کی مسلح افواج نے سکیورٹی خدشات اور حساس معلومات کے تحفظ کے پیش نظر چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی جگہ اب یورپ میں تیار کیے گئے ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمن وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد فوج کی تکنیکی خودمختاری اور خود انحصاری کو مضبوط بنانا ہے۔جرمن وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ماضی میں چینی کمپنیوں کے تیار کردہ ڈرونز کم قیمت ہونے کے باعث فوجی مشقوں، اہداف کو نشانہ بنانے کی تربیت اور دیگر تربیتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔تاہم اب ان کی جگہ یورپی ساختہ ڈرونز لیں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جرمنی نے کسی ایک ملک کی ٹیکنالوجی پر مکمل پابندی عائد نہیں کی، بلکہ ہر نظام کے سکیورٹی خطرات کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا مقصد فوجی سلامتی، آئی ٹی نظام اور حساس ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔چینی وزارت خارجہ نے جرمنی کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ چینی مصنوعات کو نشانہ بنانا امتیازی طرزِ عمل ہے۔چین میں قائم دنیا کی بڑی ڈرون ساز کمپنی ڈی جے آئی کے تیار کردہ ڈرونز بھی جرمن فوج استعمال کرتی رہی ہے۔ کمپنی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی آئی ہے کہ اس کی مصنوعات سے سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔ڈی جے آئی نے گزشتہ مئی میں امریکی قانون سازوں کو بتایا تھا کہ ایک آزادانہ جائزے میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ اس کے ڈرونز امریکا سے باہر ڈیٹا منتقل کرتے ہیں۔چینی ساختہ ٹیکنالوجی سے متعلق سکیورٹی خدشات صرف جرمنی تک محدود نہیں۔ گزشتہ ماہ امریکا نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع اپنے فضائی اڈے پر چینی کمپنی بی وائی ڈی کی تیار کردہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔اسی طرح پولینڈ نے بھی رواں سال فروری میں فوجی تنصیبات میں چینی ساختہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگائی تھی۔ پولینڈ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان گاڑیوں میں نصب سینسرز حساس معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی ممالک کی افواج اور دفاعی اداروں میں چینی ساختہ ٹیکنالوجی کے ڈیٹا اور سکیورٹی سے متعلق خدشات پر توجہ بڑھ رہی ہے، تاہم متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی جاتی رہی ہے۔