کراچی: ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عابد سلیم قریشی نے شہر بھر میں عمارتوں کے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے تمام اضافی فلورز منہدم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا مقصد عمارتوں سے متعلق حادثات کی روک تھام اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔دریں اثنا نئے تعینات ہونے والے ڈی جی ایس بی سی اے عابد سلیم قریشی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر کے ہمراہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے لیے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران متعلقہ افسران نے انہیں پیش آنے والے حادثے کے ممکنہ اسباب اور جائے وقوع سے ملبہ ہٹانے کے حوالے سے جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ ڈی جی ایس بی سی اے نے ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت سامنے آنے پر ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عمارتوں میں تعمیر کیے گئے تمام غیر قانونی فلورز کو منہدم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کا راستہ روکا جاسکے۔




