اسلام آباد: وزارت صحت نے پاکستان میں جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے ٹو ڈی بار کوڈ کے نفاذ پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، وزیراعظم آج نئے نظام اور ’محفوظ دوا‘ ایپ کا افتتاح کریں گے۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے تمام 2D بار کوڈ کے 9 اکتوبر کے نفاذ پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان آج 2D بار کوڈ کا افتتاح کریں گے، جبکہ شہری گھر بیٹھے ادویات کی تصدیق بھی کرسکیں گے۔وزارت صحت نے اس سلسلے میں جدید نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ہر دوا کی شناخت اب صرف ایک اسکین سے ممکن ہوگی۔ ’محفوظ دوا‘ ایپ سے جعلی ادویات کی نشاندہی اور روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ شہری دوا کا ٹو ڈی بار کوڈ اسکین کرکے اس کے اصلی یا نقلی ہونے کی بھی تصدیق کرسکیں گے۔جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عمل درآمد لازم قرار دے دیا گیا ہے۔ ہر دوا پر منفرد ٹو ڈی بار کوڈ اور سیریل نمبر درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔’محفوظ دوا‘ ایپ سے دوا کی اصلیت، میعاد، قیمت اور استعمال سے متعلق مستند معلومات دستیاب ہوں گی۔ وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹو ڈی بار کوڈ کے بغیر ادویات کی درآمد اور فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔




