نومبر 24, 2026

ٹرمپ کی نیٹو سربراہ مارک روٹے سے کل اہم ملاقات متوقع

وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں ہوگی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایشیا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کر چکے ہیں۔ ملاقات میں نیٹو اتحاد کے مستقبل، دفاعی اخراجات، روس یوکرین جنگ اور یورپی ممالک کے ساتھ امریکی تعلقات جیسے معاملات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔یورپی ممالک چاہتے ہیں کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات میں انہیں بھی شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ ٹرمپ ماضی میں نیٹو کے رکن ممالک پر دفاعی اخراجات اور امریکی حمایت کے معاملے پر تنقید کرتے رہے ہیں، جبکہ مارک روٹے اتحاد میں امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔