نومبر 24, 2026

بابر اعظم کی آئی ایل ٹی 20 ڈیبیو پر 86 رنز کی دھواں دار بیٹنگ، ٹیم کو فتح دلا دی

پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بابر نے صرف 51 گیندوں پر 86 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے 13 چوکوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔اس سے قبل یہ اعزاز علیشان شرفو کے پاس تھا جنہوں نے 2024 میں 11 چوکے لگائے تھے۔بابر نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور جارڈن کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی۔شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے 17.3 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔یہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے۔ ٹیم اب 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے مدمقابل ہوگی۔