نومبر 17, 2026

ناکافی نیند خواتین میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، تحقیق

نیند کی کمی صرف تھکاوٹ اور سستی کا باعث نہیں بنتی بلکہ یہ جسم کے میٹابولزم اور خون میں شکر کی سطح کو منظم کرنے کے نظام کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ایک تحقیق میں خاص طور پر خواتین، بالخصوص سنِ یاس سے گزرنے والی خواتین میں ناکافی نیند اور انسولین کی مزاحمت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔پاکستان میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں اس موضوع پر توجہ اہمیت رکھتی ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی تحقیق کے مطابق خواتین میں نیند کی کمی انسولین کے مؤثر استعمال کو متاثر کرسکتی ہے۔ یہ تحقیق طبی جریدے ’ڈائیبیٹس کیئر‘ میں شائع ہوئی، جس میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے کے لیے مناسب نیند کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے۔ٹائپ ٹو ذیابیطس ایسی کیفیت ہے جس میں جسم انسولین کو مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کرپاتا، جس کے نتیجے میں خون میں شکر کی سطح کو معمول پر رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خواتین عموماً مردوں کے مقابلے میں کم نیند لیتی ہیں، جس سے طویل مدت میں ان کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔یہ تحقیق 20 سے 75 سال کی عمر کی 40 خواتین پر کی گئی۔ ان خواتین میں زیادہ وزن، موٹاپے، خاندان میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کی موجودگی، خون میں چکنائی کی بلند سطح یا دل کی بیماری جیسے عوامل کے باعث کارڈیو میٹابولک بیماریوں کا خطرہ زیادہ تھا۔تحقیق کے دوران شرکا کو چھ ہفتوں کے مختلف مراحل سے گزارا گیا۔ ایک مرحلے میں بعض خواتین کو صحت مند اور مناسب نیند کا معمول اپنانے کا موقع دیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں انہیں روزانہ صرف چھ گھنٹے کی محدود نیند فراہم کی گئی۔تحقیق کی سینئر مصنفہ میری پیئر سینٹ اونگے کے مطابق نیند محدود ہونے کی صورت میں خواتین کے جسم کو خون میں گلوکوز کی سطح معمول پر رکھنے کے لیے زیادہ انسولین درکار ہوتی ہے۔نتائج سے ظاہر ہوا کہ کم نیند لینے والی خواتین میں انسولین کی مزاحمت ان خواتین کے مقابلے میں زیادہ تھی جنہوں نے مناسب اور مکمل نیند حاصل کی۔ محققین کے مطابق یہ نتائج خواتین کی صحت، بالخصوص سنِ یاس کے بعد کے عرصے میں نیند کے معیار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔