واشنگٹن: امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ’ڈرٹی بم‘ یا کیمیائی ہتھیار کے ممکنہ استعمال کی منصوبہ بندی کی ہے۔ تاہم امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا واقعی اس کا ارادہ رکھتا ہے۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سی این این سمیت امریکی میڈیا اداروں نے کم از کم سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران کی مبینہ منصوبہ بندی فی الحال ممکنہ کارروائیوں کے راستے کھلے رکھنے کی کوشش ہے، اسے فوری حملے کی تیاری کا ثبوت قرار نہیں دیا گیا۔رپورٹ میں دو ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ منصوبہ بندی میں مخصوص مقامات اور اہداف کی نشاندہی بھی شامل ہے، جس کے بعد امریکی حکام نے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے اس معاملے پر کئی اجلاس بھی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق امریکی اداروں نے ایسی ایرانی مواصلاتی گفتگو بھی پکڑی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی ممکنہ اشیا امریکا کے اندر خفیہ طور پر چھپائی گئی ہیں۔تاہم امریکی حکام ان اطلاعات کی صداقت کے بارے میں یکساں رائے نہیں رکھتے۔ بعض ذرائع کے مطابق یہ بھی واضح نہیں کہ ایران کے پاس امریکا میں اس نوعیت کی کارروائی کرنے کے لیے مطلوبہ افراد اور نیٹ ورک موجود ہیں یا نہیں۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے سی این این کو بتایا کہ انتظامیہ ہر ممکن خطرے پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکا کو درپیش کسی قابلِ اعتبار اندرونی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ان اطلاعات کو واشنگٹن کے حملوں اور اقتصادی ناکہ بندی کے دباؤ کے تناظر میں ایران کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کی ممکنہ علامت سمجھ رہے ہیں۔ڈرٹی بم روایتی دھماکا خیز مواد اور تابکار مادے کو ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ یہ جوہری بم نہیں ہوتا اور اس میں جوہری دھماکا نہیں ہوتا۔ اس کا بنیادی خطرہ تابکار آلودگی پھیلانا، خوف و ہراس پیدا کرنا اور متاثرہ علاقے میں معمولاتِ زندگی اور سرگرمیوں کو متاثر کرنا ہے۔اقوام متحدہ میں ایران کے مشن کے ترجمان نے امریکی الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران ہر قسم کے حالات میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو مکمل طور پر ناجائز سمجھتا ہے۔تاہم ایرانی بیان میں مبینہ ڈرٹی بم منصوبہ بندی سے متعلق انٹیلی جنس اطلاعات کا براہِ راست جواب نہیں دیا گیا۔




