دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے آغاز میں ہی پاکستانی بولرز نے سری لنکن ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔پاکستانی بولرز نے صرف 36 رنز پر آدھی سری لنکن ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور رضا اللہ نے 2، 2 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث تقریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔




