سعودی پرو لیگ میں النصر نے نیوم کو ایک صفر سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی تاہم اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے لیے یہ مقابلہ مایوس کن ثابت ہوا۔تفصیلات کے مطابق 41 سالہ پرتگالی سپر اسٹار اپنے کیریئر کے 982ویں گول کے قریب پہنچ کر بھی کامیاب نہ ہوسکے۔میچ کے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں النصر نے پنالٹی حاصل کی لیکن رونالڈو موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور ان کی کک گول پوسٹ سے باہر چلی گئی۔یہ النصر کی جانب سے ڈومیسٹک لیگ میں ان کی 31 پنالٹی کوششوں میں چوتھی ناکامی تھی۔دوسرے ہاف کے آغاز پر بھی رونالڈو نے گول کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا۔ سادیو مانے کے عمدہ ہیڈر کے بعد قریب سے لگایا گیا ان کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر چلا گیا۔کچھ دیر بعد ایک اور ہیڈر ضائع ہونے سے ان کی مایوسی میں اضافہ ہوا۔النصر کو بالآخر 61ویں منٹ میں کامیابی ملی جب اینجیلو کے پاس پر ژاؤ فیلکس نے شاندار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔اس فتح کے باوجود رونالڈو 981 کیریئر گولز پر برقرار رہے۔ اب شائقین کو ان کے اگلے میچ میں تاریخی 1000 گولز کے سنگ میل کی جانب پیش رفت کا انتظار ہوگا۔




