کراچی: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم کا افتتاح کردیا۔مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ میں جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جارہا ہے، سندھ بھر کے اسپتالوں میں مریضوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے گا، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مریضوں کا ریکارڈ محفوظ اور منظم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل کا کہنا تھا کہ مستقبل میں صحت سے متعلق پالیسی سازی کے لیے ڈیجیٹل ڈیٹا اہم ثابت ہوگا، صحت کے شعبے میں خدمات کی فراہمی اور آپریشنل اخراجات میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔انکا کہنا تھا کہ مختلف ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز کو باہم منسلک کیا جائے گا، ایچ ایم آئی ایس، پورٹل ٹریکنگ سسٹم، ڈی ایچ آئی ایس ٹو اور ای ایم آر کا ڈیٹا ایک دوسرے سے منسلک ہوگا، مختلف ڈیجیٹل نظاموں کے انضمام سے صحت کی خدمات کی فراہمی کا نظام بہتر ہوگا، صحت کے شعبے میں لاجسٹکس اور آپریشنل اخراجات کی نگرانی میں شفافیت آئے گی۔وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کی بہتری کے لیے تمام منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔




