اکتوبر 20, 2026

بلیو بیریز کا استعمال بوڑھے افراد پر کیا مثبت اثرات ڈال سکتا ہے؟

ایک نئی ابتدائی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بلیو بیریز کا روزانہ استعمال بزرگ افراد میں آنتوں کے مفید جرثوموں کی سرگرمی اور ڈپریشن کی علامات پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ البتہ، محققین اس کے مزاج پر اثرات کو حتمی طور پر ثابت نہیں کر سکے۔جرنل آف نیوٹریشن، ہیلتھ اینڈ ایجنگ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بلیو بیریز میں موجود قدرتی مرکبات آنتوں اور دماغ کے درمیان رابطے کے نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔ یہ نظام نظامِ ہاضمہ اور دماغ کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔تحقیق میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے 18 افراد کو شامل کیا گیا، جو جسمانی طور پر کم متحرک تھے اور ڈپریشن کی ہلکی علامات کا سامنا کر رہے تھے۔ شرکا کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کو روزانہ 48 گرام بلیو بیری پاؤڈر دیا گیا (جو تقریباً دو کپ تازہ بلیو بیریز کے برابر ہے) جبکہ دوسرے گروپ کو تین ماہ تک پلیسبو یعنی ایسا متبادل دیا گیا جس میں اصل مؤثر جزو شامل نہیں تھا۔محققین نے سوال ناموں کے ذریعے شرکا میں ڈپریشن کی علامات کا جائزہ لیا جبکہ جدید جینیاتی تکنیک کی مدد سے ان کی آنتوں میں موجود جرثوموں کا تجزیہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ آنتوں کے جرثوموں سے پیدا ہونے والے شارٹ چین فیٹی ایسڈز کی سطح بھی جانچی گئی، جو انسانی صحت کے مختلف پہلوؤں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ بلیو بیری پاؤڈر استعمال کرنے والے افراد میں ڈپریشن کی علامات میں نسبتاً زیادہ اور مسلسل کمی دیکھی گئی لیکن بلیو بیریز استعمال کرنے والے گروپ اور پلیسبو لینے والے گروپ کے درمیان فرق شماریاتی اعتبار سے نمایاں نہیں تھا۔محققین کے مطابق اس تحقیق سے یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ بلیو بیریز ڈپریشن کی علامات کو کم کرتی ہیں۔ البتہ، نتائج آنتوں اور دماغ کے باہمی تعلق اور غذا کے ممکنہ اثرات پر مزید تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔