اکتوبر 15, 2026

ویرات کوہلی نے لنکڈ اِن پر بھی دھوم مچا دی، دو روز میں لاکھوں فالوورز ہوگئے

بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے پروفیشنل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر ڈیبیو کرتے ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔ویرات کوہلی کی پروفائل پر صرف 48 گھنٹوں کے دوران فالوورز کی تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔کوہلی نے منگل کو لنکڈ اِن پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بھارتی کھیلوں کے مستقبل، مقامی برانڈز کی ترقی اور کرکٹ سے آگے کاروباری منصوبوں سے متعلق اپنے عزائم کا اظہار کیا۔13 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 11 بج کر 15 منٹ پر ان کے فالوورز کی تعداد صرف 1501 تھی جو اگلے روز اسی وقت بڑھ کر 242083 ہو گئی اور اب دو روز سے بھی کم وقت میں یہ تعداد 3 لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔37 سالہ کرکٹر نے اپنے پیغام میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ بھارت میں ہر کھیل کو اہمیت دی جائے اور ایسے مقامی برانڈز تیار کیے جائیں جو عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کھیلوں کے شعبے میں مینوفیکچرنگ، صارفین کی مصنوعات اور تقسیم کے نظام پر مشتمل کاروبار قائم کرنا چاہتے ہیں۔مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ نڈیلا نے بھی کوہلی کو لنکڈ اِن پر خوش آمدید کہا۔کوہلی اس وقت ایجیلیٹس میں سرمایہ کار جبکہ ون ایٹ ورلڈ کے شریک بانی اور تخلیق کار ہیں۔ان کی کامیابی کھیلوں سے وابستہ شخصیات کے بڑھتے ہوئے کاروباری اثر و رسوخ کی بھی عکاسی کرتی ہے۔