اگست 9, 2026

ڈیپ فیک کیا ہے؟ جعلی ویڈیوز کی پہچان کیسے کی جائے؟

مصنوعی ذہانت نے جہاں زندگی کے کئی شعبوں میں سہولت پیدا کی ہے، وہیں اس ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ڈیپ فیک کی صورت میں لوگوں کے لیے ایک نیا خطرہ بھی بن چکا ہے۔دھوکہ باز مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسی جعلی تصاویر، ویڈیوز اور آڈیوز تیار کررہے ہیں جو بظاہر بالکل اصلی محسوس ہوتی ہیں، اس ٹیکنالوجی کو ڈیپ فیک کہا جاتا ہے۔ڈیپ فیک کے ذریعے کسی شخص کے چہرے، آواز، حرکات اور اندازِ گفتگو کی نقل کرکے ایسا مواد تیار کیا جاسکتا ہے جس سے عام صارف کے لیے حقیقت اور جعل سازی میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ڈیپ فیک کیا ہے؟
ڈیپ فیک دراصل مصنوعی ذہانت کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا جعلی مواد ہے۔ اس میں کسی حقیقی شخص کے چہرے، آواز یا حرکات کو دوسرے مواد میں اس انداز سے شامل کیا جاتا ہے کہ وہ اصلی دکھائی دے۔

یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر جنریٹیو اے آئی اور ڈیپ لرننگ کے ذریعے مختلف تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو نمونوں سے پیٹرن سیکھ کر نیا مواد تخلیق کرتی ہے۔
کیا آواز بھی ڈیپ فیک ہوسکتی ہے؟
ماہرین کے مطابق ڈیپ فیک صرف ویڈیوز یا تصاویر تک محدود نہیں بلکہ آواز بھی مصنوعی طور پر تیار کی جاسکتی ہے، اسے وائس کلوننگ یا ڈیپ فیک آڈیو بھی کہا جاتا ہے۔اے آئی کسی شخص کی آواز کے مختصر نمونے سے اس کے لہجے اور بولنے کے انداز کا اندازہ لگا کر انتہائی مشابہ آواز تیار کرسکتی ہے۔جعل ساز اس ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی رشتہ دار، دوست، افسر یا بینک نمائندے کا روپ دھار کر لوگوں سے رقم یا حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ڈیپ فیک ویڈیو کی شناخت کیسے کریں؟
جعلی ویڈیو کی شناخت کے لیے چند غیر معمولی علامات پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ جس کی مثال مندرجہ ذیل سطور میں بیان کی جارہی ہے۔
ہونٹوں کی حرکت اور آواز میں واضح عدم مطابقت۔
چہرے کے تاثرات یا حرکات کا غیر فطری محسوس ہونا۔
آنکھوں کی حرکت، فوکس یا پلک جھپکنے کا معمول سے مختلف ہونا۔
سر اور گردن کی حرکات کا جسم کے باقی حصے سے غیر مربوط نظر آنا۔
ہاتھوں اور انگلیوں کی حرکات میں غیر معمولی پن۔
آواز میں روبوٹک انداز، غیر فطری اتار چڑھاؤ یا اچانک تبدیلی۔
چہرے کے کناروں کا دھندلا یا غیر واضح دکھائی دینا۔
چہرے کی جلد کا غیر معمولی حد تک صاف یا مصنوعی محسوس ہونا۔
روشنی اور سائے کا چہرے یا جسم کے ساتھ درست انداز میں مطابقت نہ رکھنا۔
ویڈیو کال میں ’تھری فنگر رول‘ کیا ہے؟
ویڈیو کال کے دوران کسی مشکوک شخص کی شناخت کے لیے ایک فوری طریقہ تھری فنگر رول بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس میں ویڈیو کال پر موجود شخص سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے چہرے کے سامنے تین انگلیاں کرے۔کچھ ڈیپ فیک یا فیس سوپ ٹیکنالوجیز اچانک اس طرح کی حرکت کو درست انداز میں پروسیس نہیں کر پاتیں، جس کے نتیجے میں چہرے یا انگلیوں کے اردگرد بصری بگاڑ ظاہر ہوسکتا ہے۔تاہم یہ طریقہ سو فیصد قابلِ اعتماد ثبوت نہیں۔ جدید اے آئی سسٹمز بعض اوقات ایسے ٹیسٹ کو بھی کامیابی سے عبور کرسکتے ہیں، اس لیے اسے صرف ابتدائی جانچ کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔
ڈیپ فیک سے محفوظ کیسے رہیں؟
ماہرین کے مطابق کسی مشکوک ویڈیو، آڈیو، کال یا لنک پر فوری اعتبار کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ سوشل میڈیا یا میسجنگ ایپس پر موصول ہونے والے غیر مصدقہ لنکس کھولنے سے بھی احتیاط کریں۔کسی بھی صورت میں مشکوک شخص کے ساتھ ذاتی معلومات، پاس ورڈ، او ٹی پی، بینکنگ تفصیلات یا دیگر حساس معلومات شیئر نہ کریں۔اگر کوئی شخص فون یا ویڈیو کال پر فوری رقم، پاس ورڈ یا تصدیقی کوڈ کا مطالبہ کرے تو پہلے اس کی شناخت کسی دوسرے قابلِ اعتماد ذریعے سے ضرور تصدیق کریں۔
ڈیپ فیک فراڈ کا شکار ہوجائیں تو کیا کریں؟
اگر کوئی شخص ڈیپ فیک یا اے آئی کے ذریعے ہونے والے فراڈ کا شکار ہوجائے تو گھبرانے کے بجائے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔متاثرہ شخص کو متعلقہ سائبر کرائم حکام یا پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کرانی چاہیے۔ جعلی ویڈیو یا آڈیو، اسکرین شاٹس، لنکس، فون نمبرز اور چیٹ سمیت تمام متعلقہ شواہد محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔اس کے علاوہ جس سوشل میڈیا پلیٹ فارم یا ویب سائٹ پر جعلی مواد موجود ہو، وہاں بھی اس کی رپورٹ کی جانی چاہیے۔