نومبر 23, 2026

ڈیجیٹل اثاثوں کے غیرقانونی لین دین کی وجہ سے پاکستان کا ’ایف اے ٹی ایف‘ کی گرے لسٹ میں دوبارہ جانے کا کتنا خطرہ ہے؟

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ اگر غیر قانونی ڈیجیٹل لین دین کا عمل جاری رہا تو پاکستان کے دوبارہ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں جانے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اکتوبر 2022 میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات کی بنیاد پر ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا تھا۔تاہم اب پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے اس لسٹ میں شمولیت کے دوبارہ خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کے شعبے کے لیے کرپٹو کونسل اور ورچوئل ایسٹ اتھارٹی قائم کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب کا اندازہ ہے کہ ملک میں قریب دو کروڑ افراد کرپٹو کرنسی میں لین دین کرتے ہیں۔پاکستان کے ڈیجیٹل کرنسی کے لیے ریگولیٹری نظام کے نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو درپیش خطرات کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ کی جانب سے تشویش کا اظہار قابل فہم ہے اور ریگولیٹری نظام اس کے بغیر یہ شعبہ صحیح خطوط پر استوار نہیں کیا جا سکتا۔ٹیکنالوجی اور اختراع پر ہونے والی لیڈرشپ سمٹ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انھوں نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نکلنے کو اجاگر کرتے ہوئے ڈیجیٹل لین دین میں زیادہ شفافیت پر زور دیا۔انھوں نے خبردار کیا کہ ڈیجیٹل کرنسی میں سرگرمی کے اس پیمانے کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل اثاثہ جات کو نظر اندازکرنے سے پاکستان (اپنے صارف کو جاننے کی شرائط) اور انسداد منی لانڈرنگ اور پابندیوں سے دوچار کر سکتا ہے اور پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں دوبارہ ڈال سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے پارلیمانی قائمہ کمیٹیاں ورچوئل اثاثہ جات آرڈیننس پر غور شروع کریں گی جو حکومت نے چند ہفتے قبل نافذ کیا تھا تاکہ ورچوئل اثاثہ جات اور کرپٹو کرنسیوں کے لیے ایک آزاد ریگولیٹر قائم کیا جا سکے۔