نومبر 23, 2026

سرحد پار جمی نظریں اور ’کوریئر‘ کا انتظار: انڈیا کا نیا اینٹی ڈرون نظام جو ’چٹا‘ کی سمگلنگ روکنے کے لیے بنایا گیا ہے

آدھی رات کے قریب سب انسپکٹر ونود شرما نے آسمان میں ایک مدھم سی گھن گھناہٹ سنی۔ امرتسر کے سرحدی علاقوں کے اوپر ایک ڈرون اندھیرے سے نمودار ہوا۔۔۔ تیز رفتار مگر خاموش اور ایسا سامان لے کر جو پنجاب کے خاندانوں کے لیے وہ تباہی لانے والا تھا جو برسوں تک ان کا پیچھا کرتی۔چند لمحوں بعد رات کی خاموشی کو گولیاں کی آواز نے توڑ دیا۔گولیوں سے خوفزدہ ہو کر ڈرون نے پاکستان کا رخ کیا۔۔۔ لیکن اس سے پہلے ایک مشکوک پیکٹ گر گیا جو اگلی صبح برآمد ہوا۔اس میں دو کلو سے زائد ہیروئن کے مضبوطی سے پیک کیے گئے پیکٹ تھے۔سکیورٹی فورسز نے ایک اور ڈرون کی آواز کا سراغ لگاتے ہوئے امرتسر سے چند اضلاع دور گرداسپور سے دو نوجوانوں ایک کھیت سے گرفتار کیا۔ ان کی عمریں بیس کے قریب ہوں گی۔
ڈرون تو غائب ہو گیا لیکن اس کے گرائے گئے 500 گرام ہیروئن کے پیکٹ وہاں سے برآمد ہوئے۔ایسے واقعات اب عام ہو گئے ہیں۔ یہ انڈین پنجاب کی پاکستان کے ساتھ 553 کلومیٹر لمبی سرحد کے قریب ہونے والے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔سمگلر اب ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے خاموشی سے منشیات انڈیا کے مختلف علاقوں میں پہنچا رہے ہیں جہاں مقامی کورئیر رات کی تاریکی میں ان کا انتظار کرتے ہیں۔لیکن اب انڈین پنجاب کی حکومت اپنی مشینوں سے ان کا جواب دے رہی ہے۔
آج کے پنجاب میں یہ کوئی انوکھی بات نہیں رہی جہاں گاؤں کی گلیوں میں نوجوان لڑکے لڑکھڑاتے قدموں اور سرخ آنکھوں کے ساتھ آوارہ گھومتے دکھائی دیتے ہیں یا بیس کی دہائی کی لڑکیاں گھروں کی چار دیواری کے پیچھے خاموشی سے نشے کی لت سے لڑ رہی ہیں۔منشیات خصوصاً ہیروئن جسے مقامی طور پر چِٹا کہا جاتا ہے، کچھ کمیونٹیز میں اس حد تک عام ہو گئی ہیں کہ کسی کو ’نشے کی حالت‘ میں دیکھنا اب حیران کن نہیں لگتا۔ کچھ عرصہ پہلے تک یہ چیز پریشانی کا باعث تھی لیکن اب اسے ایک عام سی حقیقت کے طور پر قبول کیا جا رہا ہے۔لدھیانہ کی 24 سالہ کالج کی طالبہ جسپریت کور بتاتی ہیں ’کسی بھی مقامی پارٹی میں چلے جائیں، آپ خود دیکھ لیں گے کہ اب صرف شراب نہیں چل رہی ہے۔ گولیاں، پاؤڈر، انجیکشن۔۔۔ سب کو پتہ ہے کیا چل رہا ہے۔ اب تو لوگ اس پر مذاق بھی کرتے ہیں۔‘ڈاکٹر سندیپ بھولا پنجاب کے ڈی ایڈکشن پروگرام کے افسر ہیں۔ ان کے لیے یہ نقصان محض اعدادوشمار نہیں بلکہ ذاتی اور بہت بڑا ہے۔پورے صوبے کے 577 سرکاری اور 147 پرائیویٹ مراکز میں دس لاکھ افراد رجسٹرڈ ہیں۔سندیپ بھولا کہتے ہیں کہ ’عورتوں کی تعداد اب بھی کم ہے اور یہ محض 1300 کے لگ بھگ ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مسئلہ موجود نہیں۔ زیادہ تر خواتین بدنامی کے خوف سے سامنے نہیں آتیں۔‘یہاں سب سے عام نشہ ہیروئن یا چِٹا ہے۔