نئی دہلی: بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے، تاہم دونوں ملکوں کے وفود کے ارکان کی غیر رسمی ملاقاتیں اور بات چیت ضرور ہوئی۔تین روزہ ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک سے بھارتی حکام کی کوئی باضابطہ دوطرفہ ملاقات طے نہیں ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس اور ضیافتوں کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف امور پر غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا گیا، تاہم اسے باضابطہ پاک بھارت مذاکرات قرار نہیں دیا جاسکتا۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک نے فورم کے موقع پر تاجکستان اور ایران کے حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں ثقافتی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔تین روزہ فورم 22 نومبر کو اختتام پذیر ہوا، جس کے آخری روز انڈراپرستھا اعلامیہ منظور کیا گیا۔ اعلامیے میں مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ، تہذیبی ورثے کے تحفظ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور مختلف تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔فورم کا بنیادی مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور تہذیبی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔




