نومبر 25, 2026

آئی 9 کیس: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا آج انسداد دہشت گردی عدالت میں سرینڈر کریں گے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور آج انسداددہشت گردی میں سرینڈر کریں گے۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو انسداددہشت گردی عدالت نے آئی 9 کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیا تھا، علی امین گنڈا پور کو عدم پیشیوں پر اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں علی امین گنڈا پور پیش ہوں گے، فیصل جاوید خان، واثق قیوم ودیگر کیخلاف متعلقہ مقدمہ کا ٹرائل شروع ہے۔اکیس اکتوبر 2022 کو احتجاج کے مقدمے میں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے وارنٹ معطلی کی درخواست دائر کر دی، درخواست انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں دائر کی گئی۔تمام کیسز میں ریلیف حاصل کرنے کے لئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے تمام کیسز میں پولیس کو گرفتاری سے روک رکھا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ پشاور ہائیکورٹ سے رٹ پیٹیشن کے فیصلہ تک وارنٹ گرفتاری معطل کیا جائیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے درخواست پر سماعت کی اور وارنٹ گرفتاری کی معطلی کی درخواست پر علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے تک وقفہ کردیا۔وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت تک علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ میں علی امین گنڈاپور کو گرفتار نہیں کروا رہا، آپ آئی جی کے پاس جائیں اور کہیں کہ عدالت کا حکم ہے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔پشاور ہائیکورٹ سے اس عدالت کو کوئی اطلاع نہیں آئی۔ عدالت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اس عدالت میں اشتہاری ہیں جس کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے، جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ عدالت نے کوئی نیا وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیا، آپ کے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے سے پہلے اس عدالت نے وارنٹ جاری کئے تھے، عدالت نے صرف وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا لکھا تھا۔