جنوری 21, 2026

بنگلادیش نے بھارت سے حسینہ واجد کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کردیا

بنگلادیش کی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو عدالتی کارروائی کے لیے حوالے کیا جائے۔ اس حوالے سے بنگلادیشی مشیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت کو شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق زبانی سفارتی پیغام بھیجا ہے۔ قبل ازیں بنگلادیش کے مشیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیرعالم چوہدری کا کہنا تھاکہ بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان قیدیوں کے تبادلےکا معاہدہ موجود ہے اور بنگلادیش قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت کام کرے گا۔ خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ اور حسینہ واجد کے بیٹے نے بنگلادیشی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں بنگلادیش میں طلبہ کی زیر قیادت کوٹہ سسٹم مخالف مظاہرے شروع ہوئے جو بعد ازاں حکومت مخالف ملک گیر احتجاج میں تبدیل ہو گئے۔ بڑھتے عوامی دباؤ اور پر تشدد مظاہروں کے نتیجے میں 5 اگست کو شیخ حسینہ ملک سے فرار ہوکر بھارت پہنچ گئیں جہاں وہ اب تک موجود ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلادیش کے بین الاقوامی جرائم ٹربیونل (آئی سی ٹی) کو 2010 میں شیخ حسینہ نے پاکستان سے علیحدگی کے دوران ہونے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کیا تھا۔