پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئیں ،سوات میں بارش، دیر میں برف باری

سموگ سے تنگ پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئیں ،ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے ، جبکہ کچھ علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے ،سب سے پہلا نمبر وادی سوات کا ہے جہاں شدید بارش جاری ہے ،مینگورہ شہر اور گردونواح میں بھی کالے بادلوں کے ڈھیرے ہیں جو اب برسنا شروع ہو گئے ہیں ،سوات کے علاوہ شانگلہ، کوہستان اور گرد ونواح میں بھی ابر رحمت برس رہا ہے ،دارالحکومت اسلام آباد میں باران رحمت ہوئی،گرج چمک کیساتھ بارش سےدرخت ،شاہراہیں صاف ہونے لگیں۔ دیربالا کمراٹ تھل لاموتی میں موسم سرما کی پہلی برف نے پورے علاقے میں سفیدی پھیلا دی ہے جس سے نہ صرف موسم سہانابلکہ سردی کی شدت میں بھی بے پناہ اضافہ کر دیا جبکہ مانسہرہ وادی کاغان کے پہاڑوں، ناران اور بابو سرٹاپ پر برف باری جاری ہے مانسہرہ میں بھی بارش اور برف باری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا،موسم کا حال بتانے والوں نے صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا ،کامیاب تجربے کے نتیجے میں جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ‘سیڈ کلاوڈنگ’ کی گئی اور اس کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے تصدیق کر دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دوپہر 2بجے ‘کلاوڈ سیڈنگ’ کی گئی تھی جس سے جہلم اور گوجر خان چند گھنٹوں بعد بارش ہوئی،’کلاوڈ سیڈنگ’ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے، مصنوعی بارش سے سموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔ افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق اور ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) اور پنجاب حکومت نے اشتراک عمل سے مصنوعی بارش منصوبے میں کامیابی حاصل کی،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تمام متعلقہ اداروں، سائنسی ماہرین کو مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلی مریم نواز شریف نےکہا کہ آج آپ کی محنت، لگن اور قابلیت سے صوبہ پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ، آج بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی ہے،ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا،اس بار100فیصد اپنی مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا۔