ہائی کورٹ ججز کے تبادلے پر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس شروع ہو گیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی پانچ ججوں کے دیگر ہائی کورٹس میں تبادلہ پر غور ہو گا۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی جب کہ ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام بطور سربراہ جوڈیشل کمیشن خط لکھ دیا جس میں انہوں نے ٹرانسفر کے معاملے پر انہیں ذاتی طور پر سنے جانے کی استدعا کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے قبل کمیشن کے اجلاس میں انہیں سنا جائے۔ واضح رہے کہ جسٹس بابر ستار کا نام بھی آج ٹرانسفر کے لیے زیر غور ججز میں شامل ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے نام زیر غور آئیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ٹرانسفر ججز کے لیےاجلاس بلانے کی مخالفت کی تھی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی جانب سے 5 ممبران کی ریکوزیشن پر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔




