نومبر 11, 2026

ایل این جی درآمد کے لیے پاکستان کو مہنگی ترین بولیاں موصول

اسلام آباد: پاکستان کی آئندہ 2 ماہ کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد مہنگے سودوں کی زد میں آگئی، جہاں عالمی سپلائرز نے اسپاٹ خریداری کے لیے بھاری بولیاں دی ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے دسمبر اور جنوری میں ترسیل کے لیے موصول ہونے والی تجارتی پیشکشوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔موصولہ پیشکشوں میں ایک ایل این جی کارگو کی قیمتوں کا فرق بھی نمایاں ہے۔ حکام کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں نے فی کارگو کم از کم 24 ارب 28 کروڑ 16 لاکھ روپے جبکہ بلند ترین نرخ 27 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے مقرر کیے ہیں۔دریں اثنا 2 کارگوز کی خریداری کے لیے سب سے کم نرخ پیش کرنے والی کمپنیوں کی بولیاں مزید غور کے لیے پی ایل ایل بورڈ کے سپرد کردی گئی ہیں۔ ان دونوں پیشکشوں کی مالیت 24 ارب 28 کروڑ سے 24 ارب 43 کروڑ روپے کے درمیان ہے۔اب بورڈ یہ طے کرے گا کہ موصولہ نرخوں پر ایل این جی کی خریداری ملکی مفاد میں ہے یا نہیں۔ پیشکشوں کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں قبول کرنے یا مسترد کرنے کا حتمی اختیار بھی پی ایل ایل بورڈ کے پاس ہوگا۔