فیفا ورلڈکپ کے دوران ویزا مسائل پر ایرانی فٹبال ٹیم نے اپنا ٹریننگ بیس کیمپ امریکا سے میکسیکو منتقل کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایرانی پلیئرز اب امریکی شہر ٹکسن، ایریزونا کی بجائے میکسیکن شہر تیجوانا میں ٹریننگ کریں گے جس کی فیفا نے بھی منظوری دے دی ہے۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر تاج مہدی کے مطابق ویزا مسائل کے باعث امریکا کے بجائے میکسیکو میں قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیجوانا لاس اینجلس کے قریب ہے جہاں ایران اپنے ابتدائی 2 گروپ میچز کھیلے گا، اس طرح سفر کا دورانیہ بھی کم ہو جائے گا۔ایران کو گروپ جی میں نیوزی لینڈ، بیلجیم اور مصر کے چیلنج کا سامنا رہے گا۔ایران کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے۔فیڈریشن حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو امریکی ویزے بروقت نہیں مل سکیں گے تاہم فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے گزشتہ ماہ واضح کیا تھا کہ ایران شیڈول کے مطابق امریکا میں اپنے ورلڈ کپ میچز ضرور کھیلے گا۔




