پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ میچ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ برابر کرنے کے بعد کی دلچسپ کہانی بیان کردی ۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے بتایا کہ اسٹیو اسمتھ مجھے دو مرتبہ آؤٹ کر چکا تھا میرے ذہن میں تھا کہ اس سے کیسے آؤٹ ہوگیا ، اب دوسرے میچ میں یہ سامنے آئے گا تو حساب برابر کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس نے مجھے اس میچ میں بھی شروع میں ہی آؤٹ کر دیا تھا لیکن پیٹر سڈل نے کیچ ڈراپ کر دیا۔مصباح نے بتایا کہ جب بیٹنگ کے لیے گیا تو بولنگ اسمتھ ہی کر رہا تھا لیکن رنز کرنے تھے تو میں نے مارنا شروع کیا اور ریکارڈ بن گیا جس کا مجھے علم ہی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ بننے کے بعد سعید انور نے کال کی اور کہا کہ مبارک ہو مجھے پتہ چلا ہے کہ تم نے ویوین رچرڈز کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔مصباح نے مزید بتایا کہ سعید بھائی نے مذاق میں یہ بھی کہا کہ میرا تو کرکٹ سے اعتبار ہی اٹھ گیا ہے، آج میں نے واقعی یہ بات مان لی ہے کہ کرکٹ بائے چانس ہے۔واضح رہے کہ مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر سنچری بناکر ویسٹ انڈین لیجنڈ ویوین رچرڈز کا ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔




