انڈین پریمیئر لیگ میں گزشتہ دنوں لکھنؤ سپر جائنٹس اور پنجاب کنگز کے مقابلے میں اسٹیڈیم میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند شائقین کی جانب سے چیئر لیڈرز کے ساتھ نامناسب رویے کی اطلاعات سامنے آئیں۔مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔میچ کے دوران اسٹیڈیم کے ایک حصے میں موجود کچھ شائقین نے چیئر لیڈرز کی پرفارمنس کے دوران نامناسب اشارے کیے جس پر فوری طور پر سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کی اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی۔ایک چیئر لیڈر کو ویڈیو میں واضح طور پر پریشان دیکھا گیا جو شائقین کو ایسا رویہ بند کرنے کا اشارہ کر رہی تھی۔ذرائع کے مطابق ملوث افراد کو نشاندہی کے بعد وہاں سے ہٹا دیا گیا، انتظامیہ نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔واقعے کے بعد اسٹیڈیم انتظامیہ نے واضح کیا کہ میچ کے دوران کسی بھی قسم کی بدتمیزی یا ہراسانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔




