نومبر 8, 2026

میٹا نے متنازع تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ واپس لے لیا

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک کے کام کرنے کے طریقہ کار میں ایک متنازع تبدیلی کے حوالے سے اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔میٹا (جو میسنجر، واٹس ایپ اور تھریڈز کی بھی مالک ہے) کو اپنے پلیٹ فارمز پر کاروباری اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کے لیے نئی شرائط متعارف کرانے کے بعد مسلسل تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ابتدائی طور پر ان شرائط کے تحت انسٹاگرام اور فیس بک کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ صارفین کی ویب سائٹس سے مواد حاصل (اسکریپ) کر سکیں اور اسے اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کر سکیں۔اکتوبر کے وسط میں ان شرائط کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا اور امریکا اور برطانیہ کے سیاست دانوں سمیت مختلف حلقوں نے ان قواعد کی مخالفت کی تھی۔ناقدین کا مؤقف تھا کہ ان شرائط کے ذریعے پبلشرز اور دیگر کاروباری مالکان کے حقوق کا احترام نہیں کیا جا رہا کیونکہ انہیں میٹا کے پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپنی ویب سائٹس پر اختیار اور کنٹرول سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔اس کے بعد آنے والے ہفتوں میں میٹا نے مختلف عوامی بیانات اور شرائط میں تبدیلیوں کے ذریعے اس تنقید اور عوامی غم و غصے کو کم کرنے کی کوشش کی۔مثال کے طور پر کمپنی نے نئی شرائط سے لفظ ٹرین یعنی تربیت کا لفظ ہی ہٹا دیا تاکہ صارفین کی اس تشویش کو کم کیا جا سکے کہ ان کی تیار کردہ تحریروں اور دیگر مواد کو مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔